سندھ طاس معاہدہ، پاکستان کی  پوزیشن بھارت سے مضبوط: انڈس واٹر کمشن 

Apr 27, 2025

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) انڈس واٹر کمشن نے بھارت کی طرف سے معاہدے کی معطلی کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا جائزہ لینے کے لیے وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور انڈس کمشن کے ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینک تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھنک ٹینک ہنگامی بنیادوں پر معاہدے کی معطلی پر اپنی رائے کابینہ کو دے گا۔ وزیراعظم ماہرین کی رائے پر مزید حکمت عملی کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع انڈس واٹر کمشن کا بتانا ہے کہ پاکستانی کی قانونی، آئینی پوزیشن بھارت کے مقابلے میں مضبوط ہے۔ سندھ طاس معاہدے سے ہٹ کر بھارت نے یکطرفہ غلط قدم اٹھایا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان جلد قانونی ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں ورلڈ بنک جانے کا اعلان کر سکتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ سے رابطے سمیت دیگر سفارتی اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

مزیدخبریں