مودی کو سیاست میں مشکلات‘ کچھ کارڈ کھیلنا چاہتا ہے: فضل الرحمٰن

Apr 27, 2025

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کو اپنی سیاست میں مشکلات کا سامنا ہے، اسلئے کچھ  کارڈ کھیلنا چاہتا ہے۔ گزشتہ الیکشن میں بھی مودی نے ہندوتوا  کارڈ استعمال کیا، بھارت میں جو اکثریت گزشتہ حکومت کو حاصل تھی اب نہ ہو سکی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے الیکشن میں لوگوں نے مودی کو مسترد کیا۔ پہلگام واقعہ کا الزام لگا کر مودی نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کو ہوا دی۔ بھارت کے جارحانہ اقدامات پر پاکستان کے ردعمل نے عوام کو اعتماد دیا۔ کسی نے جارحیت کی تو پھر مومن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی۔ مودی کا ردعمل دنیا نے مسترد کیا، عالمی سطح پر ناکامی کا سامنا رہا۔ اسرائیل نے غزہ میں عوام پر بمباری کی بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔ غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کئے، دنیا نوٹس ہی نہیں لے رہی۔

مزیدخبریں