مکرمی! متعلقہ حکام کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، کئی دن گزر گئے ہیں مزنگ اڈا چوک میں ایک نالے کی دیوار گر گئی ہے جس سے سڑک کا کچھ حصہ بھی متاثر ہوا ہے جبکہ سڑک کے باقی حصہ پر نالے کی دیوار کا ملبہ پھینک دیا گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ہوتی ہے جبکہ صبح و شام کے مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، افطاری کے وقت تو صفانوالہ چوک سے لے کر مزنگ اڈا چوک تک ٹریفک کا اژدھام رہتا ہے، تاہم جو انتہائی تکلیف دہ ہے وہ متعلقہ حکام کا رویہ ہے جنہوں نے کئی دنوں سے گری نالے کی دیوار کا نوٹس نہیں لیا، نالے کی دیوار ٹوٹ کر گرنے سے واٹر سپلائی اور ٹیلی فون کا نظام بھی درہم برہم ہوا ہے ، جبکہ نالے کی دیوار گرنے سے قرب و جوار کی آبادیوں کے لوگ بھی بڑے پریشان ہیں کیونکہ یہی علاقہ بچوں اور بزرگوں کی گزرگاہ بھی ہے جس سے بڑے حادثے کا دھڑکا اور خدشہ لگا رہتا ہے جس کے باعث مکینوں میں شدید اضطراب پایا جارہا ہے۔ نالے کی دیوار کی تعمیر اور واٹر سپلائی لائنوں کی مرمت میں تاخیر سے عوامی ردعمل انتہائی شدید ہوسکتا ہے چونکہ مزنگ اڈا سے ہی ہائیکورٹ، سٹیٹ بنک کو راستے جاتے ہیں اس لئے کسی بھی مشکل سے بچنے اور عوامی صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے نالے کی دیواراور واٹر سپلائی لائن مرمت کردی جائے تو بہت سی مشکلات سے بچا جاسکتا ہے۔(اہلیان مزنگ اڈا، لاہور)
مزنگ اڈا، نالے کی گری ہوئی دیوار سے حادثات کا خدشہ
Apr 27, 2021