حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا : زین العابدین عباس
کلر سیداں (نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کلر سیداں سٹی کے سابق نائب ناظم چوہدری زین العابدین عباس نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے،بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔تین سالوں میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے جس کی مثال پاکستانی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں انشاء اللہ آنے والا دورہ مسلم لیگ (ن) کا ہوگا اور میاں نواز شریف اس ملک کے وزیر اعظم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت ختم ہوتے ہی تعمیر و ترقی کا پہیہ بھی رک گیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ تین برسوں میں عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینٹینرز پر بیٹھ کر بڑے بڑے دعوے کرنے والے عمران خان نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا مہنگائی ہے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔