جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کہتے ہیں کہ وفاقی کابینہ میں صرف پانچ وزرا نہیں بلکہ پورا ٹبر ہی نالائق ہے۔
لاہور منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت خود تبدیل ہوگئی لیکن حالات تبدیل نہیں ہوئے۔
سراج الحق نے کہا کہ صدارتی نظام ایک شوشہ ہے اور ایوب خان کے صدارتی نظام کی وجہ سے ہی ملک دولخت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے تحریک انصاف کی حکومت آئی۔ گزشتہ حکومتوں کی ناکامی کا علم پانچ سال بعد ہوتا تھا لیکن یہ حکومت تو 9 ماہ میں ہی ناکام ثابت ہوگئی۔
سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف پیپلزپارٹی اور مشرف لیگ کی نئی شکل ہے، انہوں نے کہا کہ اب جماعت اسلامی کو حکومت کا موقع دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم اور بلاول ایک دوسرے کو گالی نہ دیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان اپنے آپ کو وزیراعظم سمجھ کر بیان دیں۔