ڈرگ ایکٹ فارما سیکٹر پر حملہ‘ حکومت نظرثانی کرے: کیمسٹ‘ ریٹیلرز
ملتان (نمائندہ خصوصی) فارما سیکٹر کی گزشتہ روز ہونے والی ہڑتال کو میڈیکل سٹور مالکان کیمسٹ ریٹیل ایسوسی ایشن نے تنگ آمد بجنگ آمد قرار دیا ہے نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملتان کیمسٹ ریٹیل ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حنیف چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ڈرگ ایکٹ 2017ء پر وعدہ کے مطابق نظرثانی نہیں کر سکی ہے۔ جس کی وجہ سے مجبوراً ہڑتال کی کال دینا پڑی ہے میڈیسن ریٹیلرز عابد پیرزادہ‘ عارف ملک‘ محمد سعید نے کہا کہ اب حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے حکومت جعلی ادویات کے کاروبار سے منسلک افراد کے خلاف کارروائی کرے لیکن فارما کے شعبہ سے منسلک لوگوں کے کاروبار بند نہ کرے خواجہ دلشاد‘ خواجہ عبدالغفار‘ فرقان تنویر نے کہا کہ 2017ء کا ڈرگ ایکٹ پورے فارما سیکٹر پر خودکش حملہ ہے جس سے فارما سے منسلک سٹیک ہولڈرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کے چیئرمین ملک کامران نذیر نے کہا ہے کہ ہماری ہڑتال کسی کو تنگ کرنے کے لئے نہیں بلکہ اپنے حق کے لئے ہے ہمارا مقصد مریضوں کو ہرگز پریشانی میں مبتلا کرنا نہیں لیکن جب پریشانی خود ہمارے سر پر سوار ہو تو ہم کہاں جائیں؟ حکومت نے ڈرگ ایکٹ 2017 کالعدم قرار نہ دیا تو غیر معینہ مدت تک کاروبار بند رکھیں گے۔