انسداد ڈینگی مہم تیز‘ لاروے کی نشاندہی پر پراپرٹی مالک کو شوکاز نوٹس
ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ کی ہدایت پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی مہم کو تیز کرتے ہوئے زیر تعمیر عمارات اور کمرشل مقامات پر سرویلنس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں فوکل پرسن برائے ڈینگی مہم ڈاکٹر عطاء الرحمن کی نگرانی میں ٹیکنیکل عملے نے مختلف پلازوں اور بازاروں میں پانی کے ٹینک اور دیگر سامان کی انسپکشن کی اس موقع پر زیر تعمیر عمارات میں پانی کھڑا ہونے کے باعث ڈینگی لاروا کی نشاندہی پر پراپرٹی مالک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ کی ہدایت پر شہر بھر میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ اس موذی مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھیں اور باقاعدگی سے واٹر ٹینک ‘ لان اور دیگر مقامات کی صفائی کو یقینی بنائیں۔