پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیور یونین کا ریلوے انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
ملتان (سٹاف رپورٹر) پاسبان رکشہ ٹیکسی ڈرائیور یونین کے زیر اہتمام ریلوے چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت پرویز اقبال بودلہ نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ حیلے بہانوں سے رکشہ ڈرائیوروں کو تنگ کر رہی ہے اور رکشے کھڑے کرنے والی جگہ پر سٹینڈ بنوا دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ سٹینڈز کو فوری ختم کیا جائے۔ مظاہرین میں حاجی الطاف، مبشر حسن شاہ، کاشف کھوکھر، شہزاد شوکت، محمد سرور، محمد رفیق کاکا، رانا ریاض، راجہ محمد ظفر، ریمبو، محمد یوسف، غلام رسول، ملک ذوالنورین و دیگر نے شرکت کی۔