نیپال اوربھارت کو سمندری راستے کے ذریعے سڑک سے جوڑنے کا منصوبہ
پٹنہ(این این آئی)بہار میں آبی راستے کو فروغ دیکر لوگوں کو مستفید کرنے کی سمت میں وزارت جہاز رانی کے تحت ہند بین الممالک آبی راہ داری اتھارٹی نے کام شروع کردیا۔اس سلسلے میں پٹنہ سے گنڈک ندی کوجوڑتے ہوئے بالمیکی نگر تک آبی رہگزر فروغ دی جائیگی۔تقریباً 300 کلو میٹر طویل راستے میں ندی کو محفوظ بناکر 700ٹن وزنی جہاز چلانے کا منصوبہ ہے۔اس سے جہاں سامان کا لانا لیجانا آسان ہوگا وہیں لوگ قدرت کے حسین مناظرسے لطف اندوز ہوتے ہوئے بہار کے راستے نیپال کے ہمالیائی علاقوں تک پہنچ سکیں گے۔ گائے گھاٹ واقع اتھارٹی پٹنہ کے ڈائریکٹر اے کے مشرا نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس راستے پر چینل مارکنگ کا کام جاری ہے۔ گنڈک میں بالمیکی نگر تک آبی راہ ہموار ہوتے ہی پٹنہ کے گائے گھاٹ میں واقع بندرگاہ سے جڑجائیگا۔ علاوہ ازیں ہلدیہ اور بنارس آبی راستے سے سامان اور سیاحوں کو چھوٹے جہازوں کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔