اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ میں اینٹی کرپشن کی کارروائی کیخلاف ہڑتال
ملتان‘ خانیوال‘ مظفرگڑھ(نمائندوں سے) اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ میں محکمہ اینٹی کرپشن کی کارروائی کیخلاف مختلف شہروں میں اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملہ نے ہڑتال کی جس سے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظفرگڑھ اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملہ پر انٹی کرپشن عملہ کے مبینہ غیر قانونی تشدد کے خلاف اور مطالبات کے حق میں اراضی ریکارڈ سنٹر سے ریلی نکالی گئی جس میں ضلع بھر سے ملازمین نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ محکمہ انٹی کرپشن کی غنڈہ گردی اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی پراسرار خاموشی قابل مذمت ہے مقررین کا کہنا تھا کہ ملازمین کو ریگولر کیا جائے اور تنخواؤں میں اضافہ کیا جائے ٹیکنیکل غلطیوں کی سزا عملہ کو نہ دی جائے اور معطلی اور تبادلہ کی پالیسی واضح کی جائے۔ اراضی ریکارڈ سنٹر خانیوال کے ملازمین اور آفیسر ز نے احتجاجاً سنٹر کی مکمل تالا بندی کرتے ہوئے سروسز کو معطل کر دیا انہوں نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن والوں کی لاقانونیت نا منظور سب سے پہلے ڈیپارٹمنٹل انکوائری کو لازمی قرار دیا جائے اگر ڈیپارٹمنٹل انکوائری میں ثابت ہو جائے تو ہائر اتھارٹی مجاز ہے کہ اہلکار کے خلاف خود ایکشن لے یا سول کورٹ کے حوالے کرے یا کیس کو متعلقہ ادارے کے حوالے کر دے جب تک ڈیپارٹمنٹل انکوائری میں ثابت نہ ہو جائے تب تک اہلکار کو اپنی سروسز پر بحال رکھا جائے۔ لینڈ ریکارڈ سنٹر کبیروالا میں ہڑتال کی گئی تحصیل بھر کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے سائلین جن میں مرد‘ بوڑھے‘ خواتین شامل تھے پریشانی سے دوچار ہوئے اور واپس لوٹ گئے۔ کمپیوٹر اراضی سنٹر میلسی کے عملہ نے مکمل ہڑتال کی۔ سارا دن کام بند رہا۔ جس سے میلسی‘ کرم پور اور نواحی علاقوں کے درجنوں افراد کو نقول اراضی کے حصول اور دیگر ریونیو معاملات میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لینڈ ریکارڈ سنٹر کہروڑپکا کے اے ڈی ایل آر بابر اور سنٹر انچارج عدیل عباس نے اپنے تمام سٹاف کے ساتھ مل کر فتح جنگ میں افسران پر ہونے والے اینٹی کرپشن کے تشدد کے خلاف احتجاجاً کام بند کر دیا۔