پاکستان کپ: فیڈرل ایریاز نے کے پی کے کو 114 رنز سے ہرا دیا
ملتان (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں فیڈرل ایریاز نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت خیبر پختونخوا کو 114 رنز سے شکست دے دی۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں فیڈرل ایریاز کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے مقررہ 50 اووروں 6 وکٹوں پر 373 کا مجموعہ حاصل کیا۔ اویس ضیاء 5 رنز بنانے کے بعد صدف حسین کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حسان کے ہاتھوں جکڑے گئے تاہم کامران اکمل اور وکٹ کیپر بلے باز عابد علی نے دوسری وکٹ میں 152 رنز جوڑ کر سکور 159 تک پہنچا دیا۔ عابد علی 52 رنز بنا کر صدف حسین کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے 183 مجموعی سکور پر فیڈرل ایریاز کی تیسری وکٹ گر گئی جب کامران اکمل 84 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر سعود شکیل کی گیند پر چھوٹے بھائی عمر اکمل کا کیچ بن گئے۔ 247 مجموعی سکور پر حسین طلعت 31 رنز بنا کر حماد اعظم کی وکٹ بن گئے۔ کیچ محمد حفیظ نے لیا۔ 254 کے مجموعہ پر ملتان سے تعلق رکھنے والے صہیب مقصود کو حسان خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ انہوں نے 54 رنز بنائے جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ آغا سلمان کو صدف نے 36 انفرادی سکور پر کلین بولڈ کیا سعد نسیم 78 اور عماد بٹ 6 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، صدق حسین 3 حسان خان، حماد اعظم اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں خیبر پختونخوا 43.1 اووروں میں 259 پر ہمت ہار گئی، محمد حفیظ 76، حماد اعظم 37 خرم منظور 60 ، عمر اکمل 33 سکور کر پائے۔ فیڈرل ایریاز کے وقاص مقصود 3 عثمان خان، رضا حسن، حسین طلعت اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔