منال ریسٹورنٹ لیز، بے ضابطگی رپورٹ 5 مئی کو پیش کی جائے: پبلک اکاؤنٹس ذیلی کمیٹی
اسلام آباد (این این آئی) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے وزارت داخلہ کو وفاقی دارالحکومت کے علاقہ پیر سوہاوہ میں واقع منال ریسٹورنٹ کی لیز معاہدہ میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروا کر 8 مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سی ڈی اے کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ پی اے سی کی ہدایت کے مطابق منال ریسٹورنٹ کی لیز میں مزید توسیع نہیں کی جائیگی، یہ 2020 میں ختم ہو جائیگی، سی ڈی اے میں 2010-11ء میں 19پلاٹ فرضی ناموں پر الاٹ کئے گئے، 11 پلاٹ فراڈ کے ذریعے الاٹ ہوئے، سیکٹر ای الیون میں لیز معاہدہ کی خلاف وزری پر پانچوں سوسائٹیوں کا لے آئوٹ پلان اور این او سی منسوخ کردیا گیاہے، ایک سوسائٹی نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ جمعرا ت کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر میاں عبدالمنان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں گرینڈ حیات ہوٹل کی تعمیر کے معاملہ پر نیب حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے اس ہوٹل کی تعمیر کے حوالہ سے تحقیقات مئی کے پہلے ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔