برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے: فاروق حیدر
لندن (صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی اور کشمیری نژاد ممبر ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہمارا کیس مضبوط،دلائل میں جان اور تحریک حق و سچ پر مبنی ہے کشمیریوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بھارت کے ساتھ نہیں رہنا تو نہیں رہنا۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے ادارے اور دنیا بھر کے جمہوری لوگوں سے کہتاہوں کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دن بدن بد سے بدتر ہو رہی ہیں۔ شوپیاں ،گلگام میں بھارتی فوج نے قتل عام کیا ہم اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے دنیا اس کو سمجھے۔جنوبی ایشیاء کا امن کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے ورنہ خطہ کبھی امن کی راہ پر نہیں چل سکتا۔پاکستان کے ساتھ ہمارا خون کا رشتہ ہے ہمارے دل ساتھ دھڑکتے ہیں الحاق پاکستان ہمارا نصب العین اور شہداء کی قربانیوں کا ماحاصل ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار برطانوی ارکان پارلیمینٹ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا بعد ازاں انہوں نے سوالات کے جواب بھی دئیے۔ برطانوی پارلیمینٹ میں کشمیر پر کل جماعتی پارلیمانی گروپ کے چیئرمین کرس لیسلی، جیک بریرٹیس، بیرسٹر عمران حسن، خالد محمود، بیرسٹر یاسمین قریشی، افضل خان، محمد یاسین، جولی ہیلنگ، مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر راجہ زبیر اقبال کیانی، مسز تہمینہ صادق شاہدہ جرال، مس شمائلہ محمود، راجہ غضنفر خان، راجہ توصیف کیانی، راجہ اعجاز محمود اور راجہ شفیق احمد موجود تھے۔