70 برس سے سیاست پر قابض رہنمائوں نے ملک کو سیکولر بنا دیا: فضل الرحمن
کوہاٹ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سترسال سے سیاست پر قابض سیاست دانوں نے ملک کو سیکولر بنادیا، لبرل اور روشن خیال طبقے کی سوچ چودہ سو سال پرانے زمانہ جاہلیت کے لوگوں سے ملتی ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کوہاٹ میں علماء کنونشن سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ جے یو آئی پاکستان کو ایک حقیقی نظریاتی ملک بنائے گی پاکستان کی شناخت ختم کرنے والی قوتوں کے خلاف ہم جنگ لڑ رہے ہیں۔ سکولوں میں ہم جنس پرستی کی تعلیم دی جا رہی ہے، تعلیمی اداروں پر لوگو ہم جنس پرستوں کا بنا ہوا ہے، انکاکہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ہوتے ہوئے دنیا میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ہماری معیشت، ہمارا دفاع امریکی دبائو میں ہے۔ پرویز مشرف کے دور میں ملک کو بیچا گیا لوگوں کو امریکہ کے حوالے کیا گیا اب بات امن کی جانب جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب امن ہونے لگا تو لوگوں کو پختونوں کے حقوق یاد آگئے۔ فوجی قیادت نے امن کی جانب جانے کا فیصلہ کیا تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔ ماضی میں نقصانات بہت ہوئے لیکن ماضی کو بھولنا ہوگا۔ اپنے موقف پر ڈٹے ہیں کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ صرف عوام ہی کریں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ناصر خان نے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف صرف دھوکہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں علماء کی قدر ہونی چاہئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فضل الرحمن نے کہا کہ کوہاٹ اور کرک کی اہم شخصیات جے یو آئی میں آ رہی ہیں ناصر خان کو جے آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم نظریاتی لوگ ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان کی مغربی سرحدیں آنے والے ایام میں ممکنہ خطرات سے دوچار ہوں گی۔قبائلی علاقوں میں امن وامان بڑی قربانیوں اور جدوجہد سے قائم ہوا جس کو اب پختون کے نام پر نام نہادعناصرتباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں جھانکا جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہاں پراسلام بیزار قوتوں کی اجارہ داری قائم ہے ، جمعیت علماء اسلام نے ہر محاذ پر اسلام کا دفاع کیا ہے۔ خیبر پی کے کی موجودہ حکومت سکولوں میں ناظرہ اور ترجمہ کیساتھ قرآن پڑھانے کا احسان نہ جتائے۔