سرعبداللہ ہارون بے باک سیاستدان، قائداعظم کے جانثار ساتھی تھے:فاروق الطاف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مشاہیر تحریک آزادی کی لازوال قربانیوں اورجہد مسلسل کی بدولت ہی ہم آج آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ سر عبداللہ ہارون بیباک سیاستدان اور تحریک پاکستان کے مخلص رہنما تھے۔آپ کا شمار قائداعظم کے جانثار ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ عبداللہ ہارون نے تحریک آزادی میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں۔ ان خیالات کااظہار ممتاز مسلم لیگی رہنما میاں فاروق الطاف نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما سر عبداللہ ہارون کی 76ویں برسی پر خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ سر عبداللہ ہارون نے تحریک پاکستان کے دوران مسلم لیگ کا پیغام برصغیر کے گھر گھر پہنچانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔ سر عبداللہ ہارون نے اس قرارداد کی سندھ کے مسلمانوں کی طرف سے تائید و حمایت کی۔ سندھ کو بمبئی سے الگ کرکے ایک علیحدہ صوبہ بنانے کی کوششوں میں عبداللہ ہارون پیش پیش تھے۔