انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بندش کا فیصلہ فوراً واپس لیا جائے: لاہور چیمبر
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بند کر دینے کے فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس اہم ادارے کی بحالی پر توجہ دے کیونکہ ملک کی صنعتوں کا اس اسے بالواسطہ اور بلاواسطہ گہرا تعلق ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ صنعتوں کے لئے اہم ہے۔ لاہور چیمبر طویل عرصہ سے اس کی بحالی کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن حکومت نے سٹیک ہولڈرز کے مفادات کے منافی فیصلہ کیا۔ کاروباری برادری یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بندش کا فیصلہ کیوں اور کس کے لئے کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر یکطرفہ طور پر کر دیا گیا ہے۔ انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ انجنیئرنگ سیکٹر اور دیگر صنعتوں کے لئے بہت اہم کردار ادا کر رہا تھا اس کی بندش صورتحال کو خراب کریگی اور انجنیئرنگ سیکٹر سمیت دیگر شعبہ جات بری طرح متاثر ہونگے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بندش کا فیصلہ فوراً واپس نہ لیا گیا تو آٹو اور وینڈنگ انڈسٹری کو بھاری نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ جیسا اہم ادارہ بند کرنے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی اچھا پیغام نہیں جائیگا۔ اداروں کی بندش مسائل کا حل نہیں بلکہ حکومت ان کی بحالی کیلئے مربوط پالیسی وضع کرے۔