جیل چلا گیا تو میرے بعد شہبازشریف ‘مریم اور حمزہ ہوں گے ‘ نوازشریف
اسلام آباد ( محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے راولپنڈی ڈویژن سے مسلم لیگی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی وپارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات میں اشارتاً سے کہہ دیا ہے کہ اگر نظام کے خلاف لڑائی لڑتے ہوئے جیل چلا جاو¿ں تو میرے بعد شہبازشریف‘ مریم نواز اور حمزہ شہباز ہوں گے۔ انہوں نے ثابت قدمی سے پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میں خطاب کروں گا وہاں شہبازشریف خطاب نہیں کریں گے۔ اسی طرح جہاں مریم نواز خطاب کریں گی وہاں حمزہ شہباز خطاب نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی وبلدیاتی اداروں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چوہدری نثار علی خان کو مدعو نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں 7 مئی کو راولپنڈی میں مجوزہ جلسہ ملتوی کر دیا گیا۔ راولپنڈی کی بجائے اب 7 مئی کو گوجرخان میں جلسہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے آئندہ جلسوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں بھی رابطہ عوام مہم جاری رہے گی۔ جلسوں میں ”ووٹ کو عزت دو “ کے نعرے کو اجاگر کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام 29 اپریل کو مانسہرہ ‘ یکم مئی کو ساہیوال 2 مئی کو رحیم یار خان‘4 مئی کو چترال 6 مئی کو چکوال‘ 8 مئی کو خوشاب اور 11 مئی کو ملتان میں جلسے ہوں گے۔ سینیٹر چوہدری تنویر خان راولپنڈی سے میئر راولپنڈی سردار نسیم ‘ قومی اسمبلی کے ارکان ملک ابرار‘ طاہرہ اورنگ زیب‘ سیما جیلانی‘ نجمہ حمید‘ سابق ارکان قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی اور شکیل اعوان سمیت دیگر رہنماو¿ں نے اجلاس میں شرکت کی۔
نوازشریف/ پالیسی