میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اجلاس میں ہلڑبازی ،
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے اجلاس میں اراکین واسا افسران کی کرپشن اور ترقیاتی کاموں میں سست روی کے خلاف پھٹ پڑے۔اجلاس میں کمرشل مارکیٹ میں میونسپل کارپوریشن کی ملکیتی 10دکانوں،10فلیٹس، کرایے پر دینے اورپلے لینڈ پبلک پارک ٹھیکے پر دینے سمیت ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی۔جمعرات کو میونسپل کارپوریشن کا اجلاس شہر سے باہر فتح جنگ شاہ پور ڈیم کے قریب نجی مارکی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ہائوس کے کنونیئر چوہدری طارق نے کی جبکہ میئر سردارنسیم پارٹی اجلاس کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔کارپوریشن کے اجلاس میں ہائو س ارکان نے واسا کے افسران اور عملے کی نااہلی کرپشن کے خلاف شکایات کیں ۔چیئرمین یوسی 14چنگیز خان نے واسا کے افسران کی اجلاس میں عدم شرکت کے خلاف شدید ہلڑ بازی کی اور آئندہ اجلاس میں واسا کے اعلی افسران کو بلانے کی قرارداد پیش کی ۔چنگیز خان کا کہنا تھا کہ واسا کا آفیسر وارث 16یونین کونسلز کا انچارج ہے جو چیئرمینوں سے بات کرنے کو تیار نہیں نہ ہی فون اٹھا تا ہے اور مسائل کو حل نہیںکرتا جس کے خلاف واسا کے افسران کاروائی نہیں کرتے ،پانی کا ٹینکر800روپے میں فروخت ہورہا ہے جو کسی ظلم سے کم نہیں ۔چیئرمین یونین کونسل 27کے چیئرمین قاری سالم کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کے قانون کے مطابق کوئی بھی ادارہ میونسپل کارپوریشن سے این او سی لیے بغیر کام نہیں کر سکتا لیکن تمام ادارے بغیر این او سی کے کام کر رہے ہیں بغیر پوچھے ٹرانسفارمر کی تبدیلی ،گیس پائپ لائنیں،پانی کی لائنیں ڈا لنے کے لیے گلیوں کی کھدائی شروع کر دی جاتی ہے جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔یونین کونسل 18کے چیئرمین عابد عباسی کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن دفتر میں شہریوں کی سہولت کے لیے پبلک ریلیشن آفیسر کی تعیناتی کی جائے اور ڈیڑھ سال سے متعدد گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان گلیوں کی جلد از جلد پختگی کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔عابد عباسی نے کہا میئر اور کمشنر کی زیر صدارت کوارڈنیشن کمیٹی بنائی جائے جو ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر ے تاکہ تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور چیک اینڈبیلنس کا سلسلے سے کام تیز رفتاری سے مکمل ہو سکیں ۔یونین کونسل 21کے چیئرمین ملک وسیم کا کہنا تھا کہ سیوریج نظام مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ،شہری گندا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔وائس چیئرمین واسا ضیاء اللہ شا ہ کو تمام تر حالات سے آگاہ کرنے کے باوجود وہ بے بس دیکھائی دے رہے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود اگر لیگی رہنما بے بس ہیں تو حکومت میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں استعفی دے دینا چاہیے۔ملک وسیم کا کہنا تھا کہ میئر سردار نسیم راولپنڈی کے لارڈ میئر ہیں فنڈز کو برابر کی تقسیم اور سیوریج لائنیں بچھانے کے لیے واسا کو احکامات جاری کیے جائیں ۔اجلاس میں لیگی چیئرمینوں سمیت اپوزیشن جماعتوں کے چیئرمینوں کی تعداد کم تھی ۔یوسی 19کے چیئرمین عبدالغیور بٹ کی دعوت پر اجلاس مارکی پر رکھنے پر ڈپٹی میئر چوہدری طارق نے عبد الغیور بٹ کا شکریہ ادا کیا۔