عمران کو فیصلے کا پہلے پتہ تھا لگتا ہے وہ امپائر سے رابطے میں ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی پر خواجہ آصف کی نااہلی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کو پہلے ہی فیصلے کا پتہ تھا۔ عمران خان نے لاہور میں کہا تھا بڑی وکٹ گرنے والی ہے۔ لگتا ہے عمران خان امپائر سے رابطے میں ہیں۔ ایسے فیصلوں پر عوام اپنا ردعمل دے رہے ہیں۔ گیلپ سروے کے مطابق نواز شریف آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں۔ الیکشن میں عمران خان کی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا۔ فیصلے کرپشن پر نہیں اقامہ کی بنیاد پر آرہے ہیں۔ عمران خان کو شور شرابے میں مہارت حاصل ہے۔ علاوہ ازیں نجی سکول کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ثقافت‘ قومی ورثہ‘ زبان کی ترویج کے لئے تسلسل کے ساتھ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ہونا چاہئے‘ قومی زبان کا ثقافت سے گہرا تعلق ہے‘ نئی نسل میں اردو زبان کے فروغ‘ قومی ورثہ سے منسلک کرنے کے لئے ہر سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔
مریم اورنگزیب