مسجد الحرام میں اعتکاف کیلئے درخواستیں 15شعبان تک جمع کرانے کی ہدایت
مکہ مکرمہ+جدہ (صباح نیوز) مسجد الحرام میں اعتکاف کے خواہشمندوں کو 15شعبان تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں اعتکاف کے خواہشمند افراد اپنی درخواستیں 15 شعبان تک جمع کرا دیں ، تمام درخواستیں جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ کے ذریعے لی جائیں گی۔16رمضان سے 20رمضان تک اعتکاف کارڈ جاری کردیئے جائیں گے۔ اعتکاف کا سلسلہ 19سے ماہ رمضان کے آخر تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے توجہ دلائی ہے کہ اندراج کا تعلق مرد حضرات سے ہے۔ اعتکاف کے امیدوار مسجد الحرام کے گیٹ نمبر 119کے سامنے قائم خصوصی کیبن کی خدمات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔سعودی عرب نے آئندہ رمضان المبارک کے دوران دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے متوقع 20لاکھ عمرہ زائرین کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ۔ ہوائی اڈوں کے ڈائریکٹر جنرل عصام نور نے کہا ہے کہ آئندہ رمضان المبارک میں دنیا کے مختلف حصوں سے متوقع بیس لاکھ عمرہ زائرین کے لئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔