پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے پر سوئیڈن میں ورلڈ ٹیبل ٹینس چمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔قومی ٹیبل ٹینس ٹیم کے 5 کھلاڑیوں اور ایک آفیشل نے سوئیڈن میں 29 اپریل سے 6 مئی تک کھیلی جانے والی ورلڈ ٹیبل ٹینس چمپئن شپ میں شرکت کیلئے لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے روانہ ہونا تھا۔قومی ٹیبل ٹینس ٹیم عاصم قریشی، رمیز حسین، عائشہ اقبال، فاطمہ خان اور محمودہ پر مشتمل ہے۔ٹیم آفیشل عرفان اللہ خان کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کا لیٹر نہ ہونے کے باعث ٹیم کو سوئیڈن جانے سے روک دیا۔عرفان اللہ خان کے مطابق بیرون ملک جاتے ہوئے اس سے قبل کبھی کھلاڑیوں سے وزارت داخلہ کا لیٹر نہیں مانگا گیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن دو دھڑوں میں بٹی ہوئی ہے یہ ٹیم سید سبطین کی سرکردگی میں بنی ہوئی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے منتخب کی تھی اس دھڑے کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سرپرستی حاصل ہے جبکہ دوسرے دھڑے کی فیڈریشن کی سربراہی خواجہ حسن ودود کر رہے ہیں اور اس فیڈریشن کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی سرپرستی حاصل ہے۔پی او اے اور پی ایس بی کے حکام کوشش کے باوجود دونوں دھڑوں کو ختم کرکے ایک فیڈریشن کوتشکیل دینے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ آف لوڈ کی جانے والی ٹیم کے آفیشل کا کہنا تھا کہ فیڈریشن میں دھڑے بازی کی وجہ سے ہمیں سویڈن جانے سے روک دیا گیا ہے۔ اس سے قبل کبھی بھی ایف آئی اے حکام نے ہم سے وزارت داخلہ کا لیٹر طلب نہیں کیا۔