مقبوضہ کشمیر: ترال واقعہ کیخلاف مکمل ہڑتال ، مظاہرے ،عسکریت پسندوں کاپولیس چوکی پر حملہ ،رائفلیں چھین لیں
سری نگر(کے پی آئی+نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں جمعرات کو مکمل ہڑتال رہی ۔ بھارت کے خلاف مظاہرے ہوئے اونتی پورہ میں اسلامی یونیورسٹی کے قریب بھارتی فورسز اور احتجاجی طلبا کے درمیان جھڑپ میں کئی طلبا زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا۔ سرینگر میں عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پوسٹ پر حملہ کرکے چار رائفلیں چھین لی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے جموں کشمیر آرمڈ پولیس کی 13ویں بٹالین کی پوسٹ پر حملہکیا اور موقعے سے رائفلیں اٹھا کر لے گئے۔ عسکریت پسندوں نے پولیس پوسٹ پر تعینات چار اہلکاروں دبوچ کر ان کا اسلحہ چھین لیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فورسز نے جائے وقوع کے گرد نواح کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آور ئوں کی تلاش شروع کردی ، تاہم ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگا۔ ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے مضافاتی گاں گانٹہ مولہ میں بھارتی فورسز نے دو نوجوانوں کو رات کی تاریکی میں سپردخاک کر دیا۔لام ترال میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںمارے گئے دو نوجوانوں کو غیر ملکی قرار دیا گیا تھا۔ مذکورہ نوجوانوں کی نعشوں کو رات کے گیارہ بجے کے قریب غیر ملکی نوجوانوں کیلئے بنائے گئے قبرستان میں لایا گیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قصبے سے آزاد کرانے کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کررہے ہیں لہٰذا ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم انکے مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت جنرل سیکرٹری حاجی غلام نبی سمجھی کو پولیس کی جانب سے گھر میں نظربند کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو لاقانونیت سے تعبیر کیا ہے۔تحریک حریت، دختران ملت،فریڈم پارٹی،نیشنل فرنٹ ،پیپلز لیگ ،مسلم لیگ،لبریشن فرنٹ نے ترال شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ ۔ تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی ستم ظریقی نے ہماری نئی نسل کو اپنے سروں کی فصل کٹوانے پر مجبور کردیا ہے۔