بہاولپور صوبہ نہیں بن سکتا اسے ہیڈ کوارٹر بنایا جا سکتا ہے،پیر پگاڑا
ملتان ( نمائندہ نوائے وقت ) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ راشدی پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ جنو بی پنجاب صوبہ محاذ کا مطالبہ جائز ہے بہاولپور صوبہ نہیں بن سکتا اسے ہیڈ کوارٹر بنایا جا سکتا ہے2013میں سندھ میں پیپلز پارٹی کو 15سے 20سیٹیں دلائی گئیں اب حالات مختلف ہیں صرف عمران خان کے ماتھے پر وزیراعظم کی لکیر نہیں ہے یہ لکیریں سب کے ماتھے پر ہیں میرے والد کے دور میں صاف ستھری سیاست تھی اب گالم گلوچ کی سیاست ہے نواز شریف اور خواجہ آصف کے بعد اور بھی نااہل ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم ہائوس ملتان میں مخدوم وجاہت حسین گیلانی ؒ کی وفات پر ان کے صاجزادے سید ابوالحسن گیلانی وگیلانی خاندان سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیا اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی صدر الدین راشدی، سید احمد مجتبی گیلانی، سید راجن بخش گیلانی، سید عبد القادر گیلانی، مخدوم سہیل گیلانی، غلام مصطفی گیلانی، الحاج اشرف قریشی ودیگر رہنما بھی موجود تھے پیر پگاڑا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب تک کیس میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی کے خلاف چل رہا تھا میاں نواز شریف کے بعد اب خواجہ آصف نااہل ہوئے ہیں اب احتساب کے کیس حکمرانوں کے علاوہ سب کی طرف جائیں گے اور کئی ناا ہلیاں سامنے آئیں گی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں قانون سے واقف نہیں ہوں لیکن میاں نواز شریف کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو گی ملک میں جمہوریت ہی رہے گی لیکن آئندہ حکومت مسلم لیگ کی بنے گی ہماری کوشش تھی کہ مسلم لیگ ایک ہو جائے ماضی میں ادھر ہم ادھر تم کے نعرے لگا کر جمہوریت کا بٹوارہ کیا گیا لیکن اب آئندہ ملک میں جمہوریت رہے گی اور جمہوریت کا بٹوارہ نہیں ہو گا میرے والد کے دور میں جمہوریت اور جمہوری نظام اچھا تھا اب حالات مختلف ہیں سندھ میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے 92ارب روپے رکھے گئے لیکن لوگ کہتے ہیں کہ کام ایک ارب کا بھی نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور جا کر بھی واضح طور پر کہا تھا کہ مسلم لیگ ایک ہو جائے تو یہ بہت بڑی طاقت ہو گی سندھ کیونکہ چھوٹا صوبہ ہے پنجاب بڑا صوبہ ہونے کی حیثیت سے مسلم لیگ کو متحد کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ مسلم لیگی اکٹھے ہو کر چلیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیونکہ اب تک بہت سے لوگ مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے عدالتوں میں جا چکے ہیں اس لئے الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے اور کچھ وقت کے لئے آگے جائیں گے پیر پگاڑا نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذکے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ اس صوبے کی ڈیمانڈ جائز ہے البتہ صرف بہاولپور ریاست کی بحالی ممکن نہیں ہے ایک صوبہ جنوبی پنجاب بننا چاہیئے جس میں سب شامل ہوں اگر بہاولپور کے لوگ صوبہ چاہتے ہیں تو جنوبی پنجاب کا ہیڈ کوارٹر بہاولپور میں بنا دیا جائے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ بھی مسلم لیگ کی حکومت ہو گی جبکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نواز شریف اور خواجہ آصف کو عدالتی فیصلوں کو قبول کرنا چاہیئے انہوں نے اب تک فیصلے قبول نہیں کئے پیپلز پارٹی نے بھٹو کی پھانسی اور تمام عدالتی فیصلوں کو قبول کیا میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین، قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرتی ہے ۔حالات سے عوام کا الگ صوبے کا مطالبہ پورا ہوتا نظر آ رہا ہے ۔