جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا مقصد صرف الگ صوبہ کا قیام ہے: طاہر بشیر چیمہ
ملتان (انٹرویو محمدنوید شاہ سے‘ تصاویر مزمل شاہ) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے مرکزی رہنما طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ہمارے اس اتحاد کا مقصد صرف اور صرف الگ صوبہ کا قیام ہے ہم اپنی الگ سیاسی جماعت نہیں بنا رہے ہیں آئندہ الیکشن میں جو سیاسی جماعت ہمارے مطالبات کو تسلیم کرے گی اس کے ساتھ ہی چلیں گے۔ ہم پر الزامات لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں آج ہم انہی کی وجہ سے اکٹھے ہو گئےہیں۔ سوچا بھی نہ تھا کہ اتنا اچھا رسپانس ملے گا۔ ن لیگ کے جنوبی پنجاب کے اکثریتی جبکہ اپرپنجاب کے بھی کئی ارکان ہمارے ساتھ رابطے کرکے خود ہی شامل ہو رہے ہیں۔ آج ذوالفقار علی کھوسہ کو بھی شامل کرائیں گے۔ لغاری خاندان سے بھی رابطے ہیں ہم نے سب کے لئے دروازے آج بھی کھول رکھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نمائندہ نوائے وقت سے اپنی خصوصی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا خیال اچانک نہیں آیا۔ یہ خیال برسوں پرانا ہے بس اب اکٹھے ہو گئے ہیں ہم اسے کوئی لسانی یا عصبیتی رنگ نہیں دے رہے ہیں ہمارا مطالبہ تو بس صرف اتنا ہے کہ ایک وزیراعلیٰ 11کروڑ عوام کے صوبہ کو اکیلا نہیں چلا سکتا ہے اس لئے تین ڈویژن ملتان‘ بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان پر مشتمل ساڑھے تین کروڑ سے زائد آبادی کا الگ صوبہ قائم کر دیا جائے ان علاقوں کے الگ انتظامی یونٹ ہونے کے باعث ان علاقوں کی برسوں کی محرومیاں دور ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگانے والے اور انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ہم نے 5سال اقتدار کے مزے نہیں لوٹے بلکہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی ہے ہمیں 5سال تک علاقہ اور حلقہ کے فنڈز تک جاری نہیں کئے گئے ہر بار جب بجٹ پیش کیا جاتا تھا تو جنوبی پنجاب کے علاقوں کو کاغذوں میں بجٹ دیا جاتا مگر عملاً اس علاقہ کو ہمیشہ فنڈز سے محروم ہی رکھا جاتا رہا ہے اگر ہم اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی کام ہی نہ کرا سکے تو پھر ہمارا اقتدار میں رہنا بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ ڈیرہ غازیخان جائیں گے جہاں وہ کھوسہ خاندان سے ملاقات کریں گے۔ وہ انہیں اپنے ایجنڈا سے آگاہ کر کے انہیں اپنے ساتھ شامل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اگر آج صوبہ کے قیام کا اعلان کرے تو پھر ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے بصورت دیگر عام انتخابات میں جو جماعت ہمارے موقف کی تائید کرے گی اس کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔