مغربی سرحدیں آنیوالے دنوںمیں ممکنہ خطرات سے دوچارہونگی :فضل الرحمٰن
کوہاٹ (نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی امیر اورقائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کوہاٹ میںمنعقدہ علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مغربی سرحدیں آنے والے ایام میں ممکنہ خطرات سے دوچار ہوں گی۔قبائلی علاقوں میں امن وامان بڑی قربانیوں اور جدوجہد سے قائم ہوا جس کو اب پختون کے نام پر نام نہادعناصرتباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں جھانکا جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہاں پراسلام بیزار قوتوں کی اجارہ داری قائم ہے ، جمعیت علماء اسلام نے ہر محاذ پراسلام کا دفاع کیا ہے ۔ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت سکولوں میں ناظرہ اور ترجمہ کیساتھ قرآن پڑھانے کا احسان نہ جتائے ۔ مدارس میں پرائمری سے لے کر ایف اے، ایف ایس سی تک تعلیم دی جاتی ہے ۔ مدارس کو قومی دھارے میں لانے والے تعلیمی اداروں میں ہم جنس پرستی کو فروغ دے رہے ہیں۔ جس کی واضح دلیل خیبر پختونخوا کے سکولوں پر ہم جنس پرست تنظیم کا لوگو لگانا ہے ۔ علماء کنونشن میںسابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوااور وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اکرم خان درانی، مولانا مفتی دین اظہر، مولانا عبدالحئی، مولانا عزیزاحمد اشرفی نائب امیر خیبر پختونخوا، حاجی عبدالجلیل جان صوبائی سیکرٹری اطلاعات ، مفتی سید جنان ، ڈسٹرکٹ ناظم ہنگو مفتی عبیداللہ ، ناصر خان خٹک ایم این اے کرک حاجی عبدالجمیل پراچہ، سابق ایم این اے مفتی ابرار سلطان ، سابق ضلع ناظم گوہر سیف اللہ خان، نائب تحصیل ناظم شاہد محمود، ریٹائرڈ میجر شاہ داد خان، ملک تاج خان، تحصیل کونسلر عمر حیات،مفتی کفایت اللہ ، مفتی ریاض الرحمن ، مولانا زین العابدین ، قاری اکبر علی شاہ، میرزمان شنواری ، بلال شنواری نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر دیگر علماء و طلباء کرام سمیت کارکنوں اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مخالفین کہہ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کو الیکشن میں اسلام یاد آجاتا ہے تو آج یہ ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب لادینی قوتیں اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی قوانین و اقدار کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ تک رسائی چاہتے ہیں تو میں بھی اسلامی قوانین و اقدار کی پاسداری کیلئے گلی گلی اور کوچہ کوچہ جاکر ووٹ مانگ سکتا ہوں۔ علماء کنونشن میں کرک کے ایم این اے ناصر خٹک اور صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی کے قریبی رشتہ دار محمد جمیل قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔