پنجاب بھر میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال میڈیکل سٹورز بند
لاہور/ جھنگ/ بھکر/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ ساہیوال/ پاکپتن/ اوکاڑہ/ ننکانہ صاحب/بہاولپور/سرگودھا (صباح نیوز+نامہ نگاران) پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف ہڑتال کے باعث میڈیکل سٹورز بند رہے، مریض خوار ہو کر رہ گئے جبکہ لاہور میں میو اور گنگا رام ہسپتالوں کے باہر چند میڈیکل سٹورز کھلے رہے ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف شٹر ڈاﺅن ہڑتال کا اعلان کیا جس کے باعث متعدد میڈیکل سٹور بند ہو گئے۔ میڈیکل سٹور مالکان ڈرگ ایکٹ 2017 کیخلاف ہڑتال کی کال پر میڈیکل سٹورز والے دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے۔ ایک دھڑے نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے باوجود متعدد میڈیکل سٹورز بند رہے ۔ سروسز ہسپتال کے باہر میڈیکل سٹورز بند رہے۔ میو اور گنگارام ہسپتالوں کے باہر چند میڈیکل سٹورز کھلے رہے۔ کیمسٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے پنجاب حکومت ڈرگ ایکٹ 1976 بحال کرے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب ڈرگ ایکٹ کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر جھنگ میں تمام میڈیکل سٹور بند رہے‘ مریضوں کو ادویات لینے میں دشواری کا سامنارہا۔ سٹورز مالکان کا کہنا تھا کہ کئی بار احتجا ج کیا مگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے ہیں جس پر وہ احتجا جاً میڈیکل سٹورز اور فارمیسی بند کرنے پر مجبور ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ میں کی گئی ترمیم کو مستردکرتے ہیں۔مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھاجائے گا۔ حکومت عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پرکالے قوانین واپس لے۔انہوں نے کہا کہ ادویات نہ ملنے پرعوام کی مشکلات کااندازہ ہے لیکن ہم عوام کے حقوق کی جنگ ہی لڑرہے ہیں۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر کیطرح ضلع بھکر کے تمام میڈیکل سٹور، فارمیسیز، ڈسٹری بیوٹرز، ڈسپنسر ایسوسی ایشن، الائیڈ ہیلتھ سائسنز آرگنائزیشن، فارماسسٹ ایسوسی ایشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز غیر معینہ مدت کیلئے مطالبات پورے ہونے تک مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال کرینگے ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر ڈسٹرکٹ کیمسٹ ایسوسی ایشن ضلع بھکر فہیم احمد خان نے کیمسٹ ایسوسی ایشن کے آفس میں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ بطور انسان اور مسلمان انہیں مریضوں کو پہنچنے والی تکالیف کا بخوبی علم اور ادارک ہے لیکن افسوس حکومت جس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عام آدمی کے علاج معالجہ کا خیال رکھیں وہ ہمارے جائز مطالبات ماننے کیلئے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ورنہ عوام اور بالخصوص مریضوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ہم نے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ حکومت سے مذاکرات کئے اور اب اپنے معاشی قتل اور حکومتی رویہ سے مایوس ہو کر یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔