خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی انصاف کی فتح ہے، خلیل ستی
کراچی( اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ کے سینئر رہنما سابق مرکزی جنرل سیکریٹری ایم ایس ایف خلیل ستی نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو عوام کے دل کی آواز قرار دیا ہے۔ خلیل ستی نے کہاکہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے ملک کا و زیر خارجہ وزارت کا قلمدان ہوتے ہوئے بھی یو اے ای میںملازمت کرتا ہے جس نے خود اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری تسلیم کیا کہ وہ اقامہ رکھتے ہیں اور ایک فرم میں کنسلٹنٹ ہیں انہوں نے کہاکہ ایک ایسا شخص جو غیر ملکی فرم میںملازم ہو وہ ملک کی ایک اہم وزارت کا قلم دان کیسے سنبھال سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ اب ملک سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں ملے گی۔ خلیل ستی نے کہاکہ عدلیہ کے حالیہ فیصلوں سے ملک کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے آج کے فیصلوںکے کل کی سیاست پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے اور جھوٹ کی سیاست کاہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوگا۔