فیڈریشن نے منصور احمد کا علاج بیرون ملک کروانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) دل کے عارضے میں مبتلا اولمپئین منصور احمد کے لیے اچھی خبر ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے منصور احمد کا علاج بیرون ملک کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل اولمپئین شہباز احمد سینئر نے سابق گول کیپر ہاکی اولمپئین منصور احمد دل کی پیوند کاری کے لیے چین بھیجنے کا اعلان وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصور احمد کو آئندہ چند روز میں علاج کے لیے چین یا کسی اور ملک بھیج دیا جائیگا۔ ہماری کوشش ہے کہ دس دن کے میں تمام ضروری چیزیں مکمل کر کے منصور احمد کو چائنہ بھجوا دیا جائے۔ شہباز سینئر نے بتایا کہ میں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کی ہدایت پر کراچی میں منصور احمد کے اہلخانہ سے ملاقات کر کے ان سے رائے لی اور گول کیپر کے بیرون ملک علاج کے حوالے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس اہم کام میں پاکستان ہاکی فیڈریشن، آئی پی منسٹر ریاض حسین پیرزادہ نے بہت تعاون کیا ہے۔ میں ذاتی حیثیت میں بھی تمام اداروں اور افراد کا مشکور ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ پی ایچ ایف کے صدر نے ذاتی طور پر اس کیس کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔ منصور احمد کے بیرون ملک علاج کو ممکن بنانے کے لیے انہوں نے بہت کوشش کی ہے۔ ہم کروڑوں اربوں روپے دیگر کاموں پر خرچ کرتے ہیں ایک ایسا کھلاڑی جو بین الاقوامی شہرت کا حامل ہے جسے ساری دنیا جانتی ہے۔ وہ پاکستان کا فخر ہیں۔ انکی قومی کھیل کے لیے بڑی خدمات ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا ہے۔انکی صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لیے کاغذی نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جب بھی سپورٹس پالیسی بنے اس میں بین الاقوامی مقابلوں میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے والوں کے لیے رقم مختص کی جائے تاکہ کسی کو مشکل پیش آئے تو اپیلیں کرنے کے بجائے براہ راست حکومتی مشینری اس کھلاڑی کی مدد کرے۔ ہمیں بھارت سے منصور احمد کے مفت علاج کے لیے بہت لوگوں نے رابطہ کیا ہے لیکن ہم ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جو قومی عزت اور وقار کے منافی ہو۔ چین میں میڈیکل کی سہولیات اور انکا معیار بہت اچھا ہے ہماری کوشش ہے کہ منصور احمد کا علاج وہاں سے کروایا جائے۔