پاکستان، ایران کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی: صدر زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات ہیں۔ مستقبل میں ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔وہ بلاول ہاو¿س میں پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر علی رضا حقیقیان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایرانی سفیر نے صدر کو ایران میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایران میں زلزلے کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں میں ریسکیو اقدامات اور امداد کیلئے ہرممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گا۔ ایرانی سفیر نے صدر کی اس پیشکش کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نے ایرانی سفیر سے ایران میں حالیہ زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ ایرانی سفیر نے بھی پاکستان میں زلزلے سے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔