کاشتکار گندم 1060 روپے من بیچنے پر مجبور ہیں : ابراہیم مغل
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب میں تقریباً سو سے زائد مقامات پر 1200 روپے من والی گندم 1060 روپے میں مڈل مین خرید رہے ہیں اور کسانوں کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ یہ بات چیئرمین ایگری فورم ابراہیم مغل نے پنجاب بھر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں گندم کاٹی بھی جا رہی ہے وہاں پاسکو اور محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے گندم خرید نہ ہونے کے باعث مجبور کسان 140 روپے من سستی گندم مڈل مین، آڑھتی اور فلور مل مالکان کو بیچنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سستی گندم بکنے سے جہاں کسانوں کو 10 ارب روپے کا نقصان ہو گا وہاں گندم سے کم رقم ملنے کے باعث کپاس اور چاول کی فصل بھی متاثر ہو گی۔ یاد رہے کہ اس وقت بین الاقوامی طور پر گندم کے نرخ 1469 روپے من ہیں جبکہ پاکستانی کسان دنیا کی بہترین گندم 1060 روپے میں بیچنے پر مجبور ہے۔