مشرف فرار کیس: عدالتی احکامات نہ ماننے کے منفی اثرات ہو سکتے ہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (ثناءنیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف فرار کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔مقدمے کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سیکشن آفیسر ملک علی محمد پیش ہوئے تاہم انہوں نے آئی جی اسلام آباد کے خلاف کوئی انکوائری رپورٹ اور جواب داخل نہ کرایا۔ سیکشن افسر کا کہنا تھا وزارت داخلہ کو ابھی تک سپریم کورٹ کے تحریری احکامات نہیں مل سکے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو خراب کرنے کی کوشش کے سخت اثرات مرتب ہوں گے۔ سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی احکامات نہ ماننے کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ رائے لینا چھوڑ دیں، مقدمے کو التوا کا شکار نہ کریں۔ عدالتی احکامات نہ ماننے کے سخت اثرات مرتب ہو نگے۔ بعد ازاں سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔