بجلی بحران کی ذمہ دار سابق وفاقی حکومت‘ عمران ‘ زرداری کو فرشتہ سمجھ رہے ہیں: شہباز شریف
لاہور + اٹک + رائےونڈ (خصوصی رپورٹر + ایجنسیاں + نامہ نگار) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کی طرف سے بجلی کے بحران کا ذمہ دار شہباز شریف کی پنجاب حکومت اور نوازشریف کو قرار دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو زرداری صاحب کی رینٹل پاور پراجیکٹس میں کرپشن، چیچوکی ملیاں اورنندی پور سے 900 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں وفاقی حکومت کی ڈالی گئی رکاوٹیں نظر نہیں آتیں جس کے باعث قوم کے 60 ارب روپے ضائع ہو گئے۔ نندی پور، چیچوکی ملیاں پراجیکٹس کی بلڈنگ تیار تھیں، مشینری کراچی پورٹ پر آچکی تھی، چینی انجینئر آچکے تھے لیکن پنجاب دشمنی میں ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔ عمران خان کی اس شانِ بے نیازی پر انہیں ورلڈکپ سے بڑا کپ ملنا چاہئے کہ عمران خان پیپلز پارٹی، (ق) لیگ کے اوپننگ فاسٹ بولر اور زرداری صاحب کے ترجمان بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز اور سینیٹر پرویز رشید کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران کی ذمہ دار سابق وفاقی حکومت ہے جس کے باعث قوم کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی لوٹ مار کی داستان پانچ سال تک چلتی رہی۔ پیپلز پارٹی کے اشتہارات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے کسی بجلی منصوبے کو منسوخ نہیں کیا تھا۔ مہنگی بجلی ہونے کے باعث ٹیرف میں نظرثانی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی حکومت کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان تباہی کے کنارے پر پہنچا ہے۔ پانچ سال میں گیس کے ذخائر میں اضافے کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔ مختلف ممالک سے گیس مل سکتی تھی لیکن مجرمانہ غفلت کی گئی۔ زرداری نے قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا۔ سالانہ 300 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے۔ اس چیز کا احساس نہیں کیا گیا کہ مجرمانہ بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان کی صنعتیں تباہ ہورہی ہیں، کبھی کھاد درآمد کی گئی اور اس کی آڑ میں لوٹ مار کی گئی۔ انہیں ایران سے گیس کا معاہدہ کرنا اس وقت یاد آیا جب پانچ سالہ حکومت دم توڑ رہی تھی۔ زرداری صاحب نے اس وقت معاہدہ کرکے قوم پر ایک اور ظلم کیا۔ اگر یہ معاہدہ ایران کے کہنے کے مطابق 5 سال پہلے کیا جاتا تو بحران پیدا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت کی بجائے پنجاب حکومت کو بجلی کے بحران کا ذمہ دار قرار دیکر مہر لگا دی ہے کہ تیر اور بلا مل گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ رینٹل پاور پراجیکٹس میں کرپشن کا سپریم کورٹ میں ثابت ہوجانے کے باوجود عمران خان کو زرداری صاحب کی کرپشن نظر نہیں آتی۔ نندی پور، چیچوکی ملیاں کے منصوبوں پر 60 ارب روپے خرچ ہو چکے تھے۔ رکاوٹ پیدا نہ کی جاتی تو اب پنجاب کو 900 میگاواٹ بجلی حاصل ہوچکی تھی۔ اس منصوبے کی تکمیل میں مزید 2 سال لگیں گے اور 20، 30 ارب روپے مزید خرچ کرنا ہوں گے۔ پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک کیا گیا۔ 11 مئی 2011ءکو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وہ خود گئے اور صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کا اختیار دینے کی تجویز پیش کی، دیگر صوبوں کی تائید سے یہ حق صوبوں کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دن رات ایک کر کے گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وفاقی حکومت نے تعاون نہیں کیا وگرنہ پنجاب کی 35 سے 40 شوگر ملوں سے پھوک حاصل کر کے پنجاب کی بجلی کا مسئلہ ڈیڑھ سال میں کسی نہ کسی حد تک حل کر لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر پھوک سے بجلی کے منصوبے پر چار سال پہلے عمل کرتی تو نہ صرف مطلوبہ بجلی کی بڑی مقدار حاصل ہو جاتی بلکہ تیل پر خرچ ہونیوالا زرمبادلہ بھی بچایا جا سکتا تھا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان آصف زرداری اور (ق) لیگ کی بی ٹیم کے کپتان بن چکے ہیں،حکومت میں آئے تو 2 سے 3 سال کے دوران ملک سے مرحلہ وار بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے۔ عمران خان الیکشن کے میدان میں آئیں گے تو انہیں ہر گیند پر چھکا پڑے گا۔ شہباز شریف نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے کہا کہ جب تک چاروں صوبے متفق نہ ہوں اس منصوبے کو ہاتھ بھی نہیں لگانا چاہئے۔ اگر نواز شریف کی حکومت بنی اور انہوں نے مجھے پانی وبجلی کی وزارت سونپی تو وہ 300 ارب روپے کی بجلی چوری کا خاتمہ کر دیں گے۔ عمران خان آصف زرداری کو ”فرشتہ “ سمجھ رہے ہےں ان کو صرف (ن) لےگ کی قےادت مےں تمام خا مےاں نظر آتی ہےں جس پر ”واہ واہ“ ہی کےا جا سکتا ہے۔ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیر اور بلا مل گئے اور دونوں سائیکل پر سوار ہیں، عمران خان اور زرداری اب عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ گیارہ مئی کو تیر رہے گا نہ بلا اور نہ ہی سائیکل رہے گی۔ 5 سال میں ہماری خدمات عوام کے سامنے ہیں، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو مزید دانش سکول بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کسان ونگ پنجاب کے صدر چودھری سجاد احمد خاں میو¿ سمیت یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر ملک محمد انعام اعوان اور دیگر لیگی رہنماﺅں کے ساتھ پی پی 159 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مختلف کارنر میٹنگوں میں عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن، مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے لئے مسلم لیگ( ن) کو ووٹ دیں۔