چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ حل کرلیا جائے گا ، بھارتی وزیر دفاع
نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ حالیہ سرحدی تنازعہ حل کرنے کے لیے تمام سطح پر بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ یہ معاملہ پرامن طریقے سے حل ہوجائے گا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لداخ میں چینی فوج کی موجودگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اور حکومت نے اس حوالے سے تمام سطح کی مشاورت اور چین کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کردیا ہے تاکہ اس تنازعہ کا حل نکالا جاسکے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین اپنے موقف پر قائم ہے، لبریشن آرمی اپنی حدود میں رہتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہے، بھارتی میڈیا اشتعال انگیز رپورٹنگ سے باز رہے،بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید حالیہ سرحدی تنازع حل کرنے کے لئے آئندہ ماہ چین کا دورہ کریں گے ۔