وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ افراد شہید ہورہے ہیں، ہم نے کشکول نہ توڑا تو بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہتا رہے گا۔
بہاولپورکی تحصیل حاصل پورمیں گندم کی کٹائی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون حملے مذمتی بیانات اور دھرنوں سے بند نہیں ہوں گے، اس کے لئے عوام کو کراچی سے خیبر تک متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسروں پر انحصار کرنا نہ چھوڑا تو بے گناہ مسلمان اسی طرح شہید ہوتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ صوبے میں گندم کی پیداوار کا ہدف پورا ہوا ہے، سیلاب کے باوجود کسانوں نے جو محنت کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ دوسری طرف وزيراعلی نے چلوستان میں ٹوبہ نورسربلوچاں اورمتانہ والی میں دوآپريشنل فارمز کا بھی افتتاح کيا۔ اس موقع پر عمائدین اور مویشی پال حضرات سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کواپریٹو فارمز اور زمینوں پرمقامی باشندوں کا حق ہے، ماڈل فارمز مکمل کرکے مقامی افراد کو مالکانہ حقوق پر دیئے جائیں گے۔ ان فارمز سے لائیو سٹاک کو فروغ ملے گا، وزیراعلٰی نے چولستان کے بچوں کے لئے دانش سکولوں میں پانچ فیصد کوٹہ اور لائیوسٹاک پروجیکٹ کے ساٹھ ڈیلی ویجزملازمین کو مستقل کرنے کا حکم بھی دیا۔