مذہبی ہم آہنگی کے ذریعے فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہے:تاشفین عالم
نوشہروفیروز/پڈعیدن/ میرپور ماتھیلو(نامہ نگاران) ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چہلم امام حسین ؓ کو پوری عقیدت و احترام سے منانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس لئے ضلع کے تمام علمائے کرام اپنے اپنے حلقہ اثر میں تمام افراد کو پر امن رہنے کی تلقین کریں۔ تمام مذہبی تہوار عقیدت اور پرامن ہونے سے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی ممکن ہوسکتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوس کے روٹ کا دورہ کریں اور وہاں ضروری انتظامات مکمل کرائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوس کے دوران مطلوبہ میڈیکل سہولیات، ڈاکٹرز، ایمبولینس اور ادویات کا انتظام کریں۔اس موقع پر ضلع بھر کے مختلف فقہوں کے علمائے کرام مولانا عبدالرحمن ڈنگراج، حافظ مفتی حماد اللہ،حب علی حیدری، سید اختیار حسین شاہ، سید نوید علی شاہ، سید زاہد علی شاہ اور دیگر علمائے کرام، محکمہ پولیس، رینجرز، روینیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے اس موقع پر تمام مکاتب کے علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ علاوہ ازیں میرپور ماتھیلو سے نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں چہلم امام حسین ؓ کے موقع پر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت رینجرز و پولیس افسران، ڈی ایچ او، سیپکو اور میونسپل افسران نے شرکت کی. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ہے تاہم کچھ شرپسند عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے فساد پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں اس لئے تمام علماء کرام اور امن پسند شہریوں کو چاہیئے کہ وہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں۔ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے. انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفیس میرپور ماتھیلو میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا ۔