نواز شریف کا جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ مریم نواز کی سازش‘ شہباز گل
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا لاہور میں جعلی کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بننا پاکستان کے خلاف سازش ہے، ڈان لیک سے لے کر ویکسین لیک تک ہر سازش کا کھرا مریم نواز تک ہی جاتا ہے،نوید نامی شخص کو مریم نواز نے یہ ذمہ داری دی، مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی،کرونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ رکھنے والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کیخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ڈان لیکس پر اگر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ وہ ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز گل نے کہا کہ جعلی ویکسینیشن کی خبر سب سے پہلے ن لیگ نے میڈیا کو دی۔ جیسے ہی ویکسین کی انٹری ہو گئی اس کے فوری بعد مریم نواز کا بیان آیا کہ پاکستان میں سب جعل سازیاں ہیں انکے بیان کے بعد بھارتی میڈیا نے کیسے حشر برپا کیا۔ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ مولانہ فضل الرحمان ہمیشہ اپنے حصے سے زیادہ مانگتے ہیں، پھر ان کی لڑائی ہو جاتی ہے، پی ڈی ایم کے اکٹھا ہونے کے بارے میں یہی کہوں گا کہ ان تلوں میں تیل نہیں ہے۔