پولیس کی 8 خصوصی ٹیمیں 18 روز گزرنے کے باوجود ملزم عابد کو نہ پکڑ سکیں
لاہور (نامہ نگار) پولیس کی آٹھ خصوصی ٹیمیں 18روزگزرنے کے باوجود لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار نہیں کر سکی ہیں۔ ملزم پولیس کو 3 بار چکمہ دیکر فرار ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد 18روز کے بعد بھی پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔ ذرائع کے مطابق عابد کو گرفتارکرنے کے لیے آٹھ خصوصی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ ٹیموں میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور کوئیک رسپانس فورس سمیت دیگر تشکیل دی گئی ٹیمیں شامل ہیں۔ پولیس نے ملزم عابدکو بلیک لسٹ میں بھی شامل کر رکھا ہے جبکہ ملزم عابد اور اس کی بیوی کا شناختی کارڈ بھی بلاک کرا دیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے پچیس لاکھ روپے کا انعام مقرر کرکے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے کچے کے علاقوں میں بھی مخبری کا نیٹ ورک تیزکر دیا ہے۔ جبکہ پولیس قبائلی علاقوں میں بھی ملزم کی گرفتاری کے لئے تلاش جاری ہے۔