ایران خطے میں افراتفری پھیلا رہا ہے، جوہری ہتھیاروں کے خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں ر ہیں گی: ٹرمپ
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے کہا ہے کہ میرے صدارت سنبھالنے کے بعد امریکہ مضبوط اور محفوظ ہوا ہے۔ امریکی معیشت ماضی کے برعکس تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ہم نے امریکیوں کیلئے ملازمتوں میں اضافہ کیا‘ ہماری قوم دیگر اقوام کے حقوق کا خیال رکھتی ہے۔ ہم امریکہ کو سب سے مضبوط ارو محفوظ ملک بنانا چاہتے ہیں۔ شمالی کوریا کے صدر سے ملاقات کے بعد میزائل اور ایٹمی تجربات بند ہو گئے ہیں۔ اب شمالی کوریا سے میزائل ادھر ادھر نہیں داغے جا رہے۔ شمالی کوریا کے ساتھ تصادم کی بجائے امن کا انتخاب کیا۔ امن مذاکرات میں تعاون کرنے پر جنوبی کوریا کے صدر مون‘ وزیراعظم جاپان اور چینی صدر کا شکرگزار ہوں۔ شمالی کوریا کے معاملے میں ہمیں کامیابی ملی۔ شمالی کوریا نے بہت اچھی پیشرفت کا مظاہرہ کیا۔ جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رہیں گی‘ مسئلہ شام کا حل وہاں کے عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہئے۔ اسد حکومت نے کیمیائی ہتھیار استعمال یا نصب کئے تو امریکہ کارروائی کرے گا۔ مشرق وسطیٰ میں ہماری نئی پالیسی کے تحت تبدیلی آ رہی ہے۔ امریکہ خلیجی ملکوں‘ اردن‘ مصر کے ساتھ علاقائی سٹرٹیجک الائنس پر کام کر رہا ہے۔ ہم نے کئی ممالک اور ان کے سربراہوں سے بہت اچھے تعلقات بنائے ہیں۔ دہشت گردوں کو ملنے والی فنڈنگ کے خلاف کام کریں گے۔ ایران خطے میں افراتفری پھیلا رہا ہے جب تک ایران اشتعال انگیزی سے باز نہیں آتا پابندیاں برقرار رہیں گی، نومبرکے بعد ایران پر مزید پابندیاں لگائیں گے۔ ایران پر پابندیاں خطے میں عدم استحکام کیلئے ایرانی فنڈنگ روکنے کیلئے ہیں۔ ایران پڑوسی ممالک کی خودمختاری کا احترام نہیں کرتا۔ شام کے مسئلے کا حل ایران سے معاملات کو شامل کرنے پر ہی ممکن ہے۔ 5 نومبر سے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی لگائیں گے۔ تمام ممالک ایران کو اس کے جارحانہ رویے پر تنہا کریں۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کیلئے پرعزم ہیں۔ کرپٹ ایرانی آمریت مشرق وسطیٰ میں تباہی کا سبب ہے‘ ایرانی جارحیت کی قیمت ہمسائے چکا رہے ہیں۔