بہاولنگر: ناقص انتظامات کے طعنے پر بار اتیوں کی چھترول، دولہا کو خالی ہاتھ جانا پڑا
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) باراتیوں کو دلہن کے بغیر گھر واپس جانا پڑا، ناقص انتظامات کے طعنے پر لڑکی والوں نے باراتیوں کی چھترول کردی، شادی کی تقریب میدان جنگ میں تبدیل، دولہا پارٹی کے خاتون سمیت پانچ افرد زخمی، ہسپتال منتقل، دولہا باراتیوں سمیت قانونی کارروائی کے لئے تھانہ پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق چک کو کاری کے نیاز احمد کی بارات بہاولنگر کے مضافاتی علاقہ منیر آباد پہنچی جہاں منظور احمد کی بیٹی سے نیاز احمد کی شادی طے تھی، باراتیوں میں موجود افراد نے لڑکی والوں کو انتظامات اچھے نہ ہونے کا طعنہ دیا جس پر منظور احمد نے رشتہ دینے سے انکار کرتے باراتیوں کو واپس لوٹ جانے کا کہا جس پر لڑکی والوں اور باراتیوں میں تنازعہ کھڑا ہوگیا جو تصادم کی صورت اختیار کرگیا۔ لڑکی والوں نے باراتیوںکی چھترول شروع کردی، شادی والا گھر میدان جنگ بن گیا۔ جس کے نتیجہ میں دولہا پارٹی کی خاتون سمیت باراتیوں کے 5 افراد زخمی ہوکر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔ دولہا نیاز احمد باراتیوںکے ہمراہ قانونی کارروائی کے لئے تھانہ صدر پولیس بہاولنگر پہنچ گیا۔ پولیس نے رپٹ لکھ کر نقشہ مضروبی ہسپتال روانہ کردیا۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کے ڈاکٹری نتیجہ آنے پر مقدمہ درج ہوگا۔ باراتیوں پر تشدد کے بعد لڑکی والے گھر سے فرار ہوگئے، متاثرہ دولہے کو دلہن لئے بغیر بارات کے ہمراہ خالی ہاتھ اپنے گھر کو جانا پڑا۔