اقوام کی ترقی کیلئے عالمگیر سطح پر تعلیمی فنڈز میں اضافہ ناگزیر ہے: شفقت محمو د
اسلام آباد (این این آئی)وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی کے لئے عالمگیر سطح پر تعلیم کے لئے فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسملبی کے 73 اجلاس کے موقع پر سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن برائون کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب سے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد، ملاوی کے صدر آرتھر پیٹر موتھاریکا، عالمی بینک کے صدر جم یونگ کنگ اور اقوام متحدہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمود نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا موضوع ’’تعلیم کے لئے بین الاقوامی مالیاتی سہولت کے ذریعے انسانی صلاحیت کی ترقی‘‘ تھا۔ شفقت محمود نے کہا کہ بچوں کو سکول لانا پاکستانی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے ۔ اس ضمن میں فنڈز میں اضافے کے ذریعے ہر ممکنہ کاوش بروئے کار لائی جائے گی تاہم پاکستان بین الاقوامی ترقی پارٹنر کی شرکت کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے نظام کو بروے کار لاتے ہوئے آن بجٹ فنانسنگ ہونی چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تعلیمی سرگرمیوں کے لئے فنانسنگ میں کوئی رخنہ نہ ہو۔ بعد ازاں وزیر تعلیم شفقت محمود نے اردن کی وزیر منصوبہ بندی و بین الاقوامی تعاون ڈاکٹر میری کامل کوار، کینیڈا کے وزیر امیگریشن و مہاجرین احمد حسن سے بھی ملاقاتیں کیں۔ دریں اثناء ایک عہدیدار نے بتایاکہ اس کانفرنس کے نتیجہ میں پاکستان کو اپنے تعلیمی اہداف کے حصول کے لئے زیادہ بین الاقوامی معاونت دستیاب ہو گی۔