انگلش میڈیم اور تبدیلی
مکرمی : پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے پاکستان اس لیے عالم وجود میں آیا تھا کہ مسلما ن آزاد رہ کر اپنی ثقافت کو جو دین کی اساس پر قائم ہے زندہ رکھ سکیں افسوس کہ قیام پاکستان کے بعد حکومت دنیوی مقاصد کے اکتساب میں ایسی کھو گئی کہ اصل مقصد آنکھوں سے اوجھل ہو گیا ۔دین اور ثقافت سے سرد مہری بڑھتے بڑھتے اب مرض کی صورت اختیار کر چکی ہے ۔اگر اس کا علاج جلد نہ کیا گیا تو ملت کی بقا دشوار ہے ۔اقوام میں عزم و یقین اور زندگی کی خواہش ایمان سے پیدا ہو تی ہے ۔اگر مقصد حیات ہی پیش نظر نہ رہے تو پھر زندگی کے دن بھی لمبے نہیں ہوتے ہماری درسگاہوں میںیہ روح فرسا منظر دیکھنے میں آتا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کا ایمان متزلزل ہے جس کی وجہ سے نہ ان میں کردارکی بلندی باقی رہی ہے نہ ترقی کا ولولہ اورپاکستان سے محبت کا جذبہ بھی کمزور پڑ رہا ہے ۔انہیں اپنے حکمرانوں ،اداروں کے سربراہوں ،والدین اور اساتذہ کی زندگی میں اسلام نظر نہیں آتا تو اپنے آبائی دین کی عظمت کو کیسے سمجھیں گے ؟ہماری درسگاہیں جہاں دستور نہ علم ہے نہ کردار نہ دین نہ جذبہ ۔ان سے تعلیم پا کر نوجوان جوش و ولولہ کہاں سے لائیں؟ان کے دل پر جب اغیار کی عظمت کے نقوش ثبت ہیں تو وہ اپنی کسی چیز پر فخر کیسے کریں؟ حضرت عمر ؓ ہر اداروں کے سربراہوں کے تقرر کے وقت دینی تعلیم کوبہت اہمیت دیتے تھے کل کے ذمہ داروں کو قرآن پاک کی سورت نساء ،سورت بقرہ ،سورت مائدہ ،سورت حج اور سورت نور کا جن میں احکام ہیں ،یاد تھیں اور اداروں کے سربراہ نماز کی امامت کرانے کا حکم اور قرآن و حدیث کا درس دینے کا حکم دیتے تھے اور آج اسلامی ریاست کا آئین،قانون اور انصاف کا نظام ؟(سردار الطاف خان بٹالوی 0343-5169527 پونچھ آزاد کشمیر )