حکومت کی ساری توجہ مہنگائی بم برسانے پرمرکوز ہے: میاں عثمان
لاہور(کامرس رپورٹر )تاجر راہنما اورمسلم لیگ (ن) لاہور کی مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان نے کہا ہے کہ حکومت میں آکر دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدار عوام کے منہ کا نوالہ چھیننے کے درپے ہیں ،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے حکومت کی ساری توجہ مہنگائی بم برسانے پرمرکوز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میاں عثما ن نے کہا کہ حکومت نئی پالیسیوں کی تشکیل میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بجائے سولو فلائٹ کر رہی ہے جس کے معیشت اور عام عوام کی زندگی پر انتہائی منفی نتائج مرتب ہو رہے ہیں ۔ ایک ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 40 سے 50فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔ بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کا سارا بوجھ روزانہ اجرات پر کام کرنے والے اور تنخواہ دارطبقے پر پڑا ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور قیمتوںکو ایک ماہ پہلے والی سطح پر واپس لانے کیلئے سڑکوں پر بھی آئیں گے ۔