سابق نوازشریف سے اہلیہ کے انتقال پر نمایاں سیاستدانوں کی تعزیت کا سلسلہ جاری
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے انکی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کیلئے منگل کو بھی ملک کے نمایاں سیاستدانوں نے تعزیت کی۔ ملک کے مختلف حصوں سے تعزیت کیلئے آنے والے سیاستدانوں میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب خان شیرپائو سمیت ممتاز مسلم لیگی رہنما سید غوث علی شاہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں مشاہد حسین سید، بیگم تہمینہ دولتانہ، عابد شیر علی، بہاولپور صوبہ محاذ کے رہنما محمد علی درانی، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار یعقوب ناصر، سابق صوبائی وزریر رانا مشہود احمد خان، سینیٹر رانا مقبول احمد اور رانا شمیم احمد خان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد شیر پائونے کہا ہے کہ ہم بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے آئے ہیں ۔اپوزیشن پارٹیاں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔ وہ گزشتہ روز جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے حکومت آئی گورنر ہائوس وزیر اعلی ہائوس کھولنے اور بند کرنے پر لگی ہوئی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پرفارمنس نظر نہیں آئی صرف کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔