نیا ہجری سال ،خانہ کعبہ کو آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دے دیا گیا
مکہ مکرمہ(صباح نیوز)نئے ہجری سال پر گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور امام حرم عبدالرحمان السدیس نے بیت اللہ کو غسل دیا جس کے لیے 45 لیٹر آب زم زم اور ہزاروں من عرق گلاب استعمال کیا گیا۔تقریب میں اعلیٰ سول حکام، علمائے کرام، زائرین، غیر ملکی مسلم سفارتی نمائندے اور مختلف اسلامی ممالک کے منتخب افراد نے شرکت کی۔ خانہ کعبہ کے گرد سینکڑوں سکیورٹی اہلکاروں نے حصار بنا رکھا تھا۔ بیت اللہ کے متولی ڈاکٹر صالح الزین نے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا۔واضح رہے کہ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے۔ پہلی مرتبہ ماہ رمضان سے قبل اور دوسری مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز پر خانہ کعبہ کو غسل دیا جاتا ہے جبکہ غلاف کعبہ ہر سال نو ذوالحجہ کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے۔8 ہجری میں فتح مکہ کے روز رسول اللہؐ نے حضرت علی ؓ کو عثمان بن طلحہؓ ؓ کے پاس بھیجا تا کہ ان سے بیت اللہ کی چابی لی جائے۔ اس کے بعد اللہ کے نبی ؐنے بیت اللہ کو کھولا اور اس میں داخل ہو کر اندر موجود تمام بتوں کو توڑ ڈالا اور خانہ کعبہ کو آب زم زم سے دھویا جس کے بعد دو رکعت نماز پڑی۔رسول اکرمؐ کے اس عمل کی یاد کو غسل کعبہ کی سنت کے طور پر ہر سال دہرایا جاتا ہے۔