کراچی: بیوٹی پارلر سے دلہن کا مبینہ اغوا،پولیس نے سابق منگیتر کیساتھ فرار کا شبہ ظاہر کردیا
کراچی (آن لائن) کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے بیوٹی پارلر سے دلہن کے مبینہ اغوا کے معاملے کا ڈراپ سین، پولیس نے مبینہ مغوی لڑکی کا سابق منگیتر کیساتھ فرار کا شبہ ظاہر کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے اگر نکاح نامہ پیش کردیا گیا تو کیس خارج ہوجائیگا۔کراچی میں پے در پے اغوا کی وارداتوں نے پریمی جوڑے کو آئیڈیا دیدیا۔ پیر کی رات نارتھ ناظم آبادکے بیوٹی پارلر سے دلہن کے اغوا کے معاملے پر پولیس کو یہی شک ہے۔ تفتیش کار کا کہنا ہے کہ مبینہ مغوی لڑکی قر العین پر اپنے سابق منگیتر علی کے ساتھ فرار ہونے کا شبہ ہے۔ لڑکی کے لواحقین کی جانب سے علی اور دیگر 3 افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔پولیس کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق دونوں کورٹ میرج کرچکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک لڑکی یا لڑکے کی جانب سے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا، نکاح نامہ سامنے آیا تو والدین کی جانب سے دائر کیس ختم ہوجائیگا، تاہم پولیس درج مقدمہ کے تناظر میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔