الیکشن ٹربیونل میں انتخابی عذرداریاںتحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی طالب نکئی، کرامت کھوکھر اور ایم پی اے ملک سرفراز کو نوٹس جاری
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے سابق حکمران جماعت کے امیدواروں کی جانب سے حکومتی ارکان اسمبلی کی کامیابی کیخلاف انتخابی عذداریوں پر نوٹس جاری کردیئے اور متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے رانا حیات، سیف الملوک کھوکھر اور عرفان شفیع کھوکھر کی الگ الگ عذداریوں پر ابتدائی سماعت کی جس میں کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی پر مختلف اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے این اے 140 کے ایم این اے سردار طالب حسین نکئی، این اے 135 سے کرامت کھوکھر اور پی پی 173 سے ملک سرفراز کیخلاف عذداریوں پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ عذداریوں میں انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھائے اور دعویٰ کیا گیا کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی نے کاغذات نامزدگی میں مکمل معلومات ظاہر نہیں کیں۔