دوست ملک چین کے سفیر یائو چنگ نے گزشتہ روز لاہور اور اسلام آباد میں پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ، سردار عثمان بزدار اور جام کمال سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ، اور سی پیک کے تناظر میں پاک چین تعلقات کے مزید فروغ کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات میں کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کے لئے رول ماڈل ہے نئے پاکستان کی تعمیر کے لئے چین کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات میں تجویز پیش کی کہ صوبے کے معدنیاتی زونز کے قیام کے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے اس موقع پر چین کے سفیر نے سی پیک میں بلوچستان کے کردار کو سراہا۔
سی پیک سے پاک چین دوستی کی بنیادیں مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک اور خطے میں ترقی و خوشحالی کے راستے بھی کھل رہے ہیں۔سی پیک ، صرف پاکستان اور چین کیلئے ہی نہیں بلکہ اسکے فوائد سے افریقہ کے ممالک اور ہزاروں کلومیٹر دور نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا تک متمتع ہونگے ۔ معاشی فوائد اور امن لازم و ملزوم ہیں، جب دنیا کے دو تہائی ممالک اس سے مستفید ہونگے تو لازماً انکے باہمی روابط اور تعلقات قریبی اور بہتر ہونگے اور باہمی بھائی چارے کی فضا پیدا ہوگی ۔ یہ صورتحال عالمی امن کو مستحکم کرنے کے علاوہ جنگوں اور لڑائیوں کے خاتمے کا موجب بنے گی۔ لیکن افسوس کہ بھارت اور امریکہ اس منصوبے کو اپنے توسیع پسندانہ اور غریب ملکوں کے استحصال کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ سمجھنے لگے ہیں۔ پاکستان کو دھمکیاں دینا اور منصوبے کیخلاف منظم پراپیگنڈہ کا آغاز اسی سوچ اور فکر کا نتیجہ ہے۔ بھارت اور امریکہ کو خدشہ ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد، وسیع و عریض منڈیاں اُنکے ہاتھ سے نکل جائینگی، حالانکہ دوسروں کے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچانا یا کسی کی ترقی میں مزاحم ہونا، پاکستان یا چین کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں۔ چین کی ہمہ جہتی ترقی اور وہ بھی قلیل مدت میں، محیر العقول ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا یہ کہنا درست ہے کہ چین کی ترقی پاکستان کیلئے رول ماڈل ہے اگر تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے چین کے تجربات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کا عزم رکھتی ہے تو یقیناً اسکے نتائج حوصلہ افزا ہونگے۔ جہاں تک بلوچستان کے معدنیاتی زونز کے قیام کو سی پیک میں شامل کرنے کا تعلق ہے، یہ اچھی تجویز ہے، کیونکہ اس سے سی پیک کی افادیت میںمزید اضافہ ہو جائیگا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024