مریضوں کو سالانہ 72 کروڑ روپے کی ادویات مفت دیتے ہیں‘ پروفیسر ندیم قمر
کراچی (ہیلتھ رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی اس سال کے اختتام تک چیسٹ پین یونٹس کی تعداد بڑھا کر 17 ہوجائے گی‘ جہاں سے مفت ادویات کی فراہمی بھی شروع کی جائے گی‘ اسپتال میں سالانہ 5 لاکھ آؤٹ ڈور مریضوں کو 72 کروڑ روپے کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں‘وہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے موقع پر آگہی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو ر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف فارماسسٹس جبران بھی یوسف بھی موجود تھے‘ کیمپ میں مریضوں کے مختلف بلڈ ٹیسٹ بھی کئے گئی جبکہ انہیں ادویات کے استعمال سے متعلق آگہی بھی دی گئی۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ اسپتال آنے والے سالانہ 5لاکھ آؤٹ ڈورمریضوں کو 72 لاکھ روپے کی مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں ‘ این آئی سی وی ڈی اور اس کے سٹیلائٹ سینٹرز صوبے کے ایسے اسپتال ہیں جہاں علاج معالجے سمیت ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں اور ان سے ایک روپیہ وصول نہیں کیا جاتا‘ انہوں نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی کے کراچی میں سات چیسٹ اینڈ پین یونٹس کام کر رہے ہیں جن کی تعداد اس سال کے آخر تک بڑھا کر 17کر دی جائے گی جہاں فارمیسی سروسز بھی شروع کی جائیں گی اور وہاں سے بھی مفت ادویات کی فراہمی شروع کی جائے گی تاکہ این آئی سی وی ڈی پر جو رش بڑھتا جا رہا ہے اسے شفٹ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح فارمیسی کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں این آئی سی وی ڈی میں ایک ہزار مریضوں تک مفت ادویات دی جا رہی ہیں‘ ہر مریض کا الگ بیگ بنتا ہے اور یوں روزانہ 20 لاکھ روپے کی دوائیں مفت دے رہے ہیں جو ماہانہ 6 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی منفرد ادارہ ہے جو اپنے تمام سینٹرز پر او پی ڈی کے مریضوں کو سالانہ 72 کروڑ کی ادویات مفت دیتا ہے اور یہ تمام دوائیں ملٹی نیشنل اداروں کی ہوتی ہیں۔