نظریہ پاکستان اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے زیر اہتمام جمہوریت اور خواتین کا کردار کے حوالے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا
لاہور میں ایوان کارکنان پاکستان میں ہونے والی خصوصی نشست کی صدارت بیگم خورشید نے کی۔ تقریب میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی، وائس چیئرمین ٹرسٹ پروفیسر رفیق احمد، مہناز رفیع، ایم پی اے آمنہ الفت، غزالہ سعد رفیق، نگہت ناصر شیخ، اجمل خان نیازی اور پروفیسر راشدہ سمیت اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیگم خورشید نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا باون فیصد ہیں۔ تحریک پاکستان میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش اور اہم ہے۔ آج بھی خواتین کو مکمل حقوق ملیں تو وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔نشست سے خطاب کرتے ہوئے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان میں اگر خواتین شامل نہ ہوتیں تو ہم ملک حاصل نہ کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اگر وہ اپنے بھائی کا ساتھ نہ دیتیں تو تحریک پاکستان کامیابی سے ہمکنار نہ ہوتی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی رکن صوبی اسمبلی نگہت ناصر شیخ،غزالہ سعد رفیق اور آۡمنہ الفت نے کہا کہ خواتین کو اسمبلی میں نشستیں تو دے دی گئی ہیں مگر اختیار نہیں دیے گے جس کی وجہ سے وہ موثر طریقے سے اپنا کردار ادا نہیں کر پارہی ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اگر جمہوریت اور ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے تو خواتین کو نہ صرف اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا بلکہ مردوں کو بھی انکی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔