سارک وزرائے داخلہ کانفرنس انسداد دہشت گردی پر غور کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے: رحمن ملک
مالے (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے وزرائے داخلہ کی کانفرنس انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی پر غور کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، کانفرنس سے دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارہ پانے کی راہ ہموار ہو گی۔ وزیر داخلہ نے مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی عوام اور فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت زیادہ قربانیاں دیں۔ پاکستان اور بھارت سارک کانفرنس میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ کانفرنس کے دوران توہین رسالت فلم کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ رحمن ملک نے مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جمیل سے بھی ملاقات کی ۔ ڈاکٹر جمیل نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور تعاون کو بھی سراہا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔ یہ بات انہوں نے بھارتی ہم منصب سوشیل کمار شندے سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ منفی عناصر کو تعلقات میں دراڑ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ رحمن ملک نے بھارتی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔